پی آئی اے کے طیارے کی ماسکو میں ہنگامی لینڈنگ

پی آئی اے کے طیارے پی کے 758 کو مسافر کی طبیعت خرابی کے باعث ماسکو ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ مسافر محترمہ شہناز اختر اطالوی شہری ہیں اور انھیں دوران پرواز دل کے عارضے کی شکایت پیدا ہوئی۔ پی آئی اے کے عملے نے شہناز اختر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔طبیعت زیادہ خراب ہونے پر کیپٹن خالد انور نے طیارے میں موجود ڈاکٹروں سے مدد طلب کی۔ تینوں ڈاکٹروں کی متفقہ رائے پر کیپٹن خالد انور نے نہایت مہارت سے طیارے کو نزدیکی ماسکو ایئر پورٹ پر اتارا۔
کیپٹن خالد انور کے ماسکو ائیر پورٹ پر فوری اور موثر رابطے کے باعث مسافر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ۔اس دوران مسافر طیارہ 2 گھنٹے تک ماسکو ائیرپورٹ پر موجود رہا اور پھر پاکستانی وقت کے مطابق صبح سوا چار بجے پر ماسکو سے لاہور کے لئے روانہ ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ مسافر طيارے کو انساني ہمدردي کي بنياد پر ماسکو میں لينڈ کرايا گيا۔ ماسکو میں دو گھنٹے کے وقفے کے بعد طیارہ ماسکو سے روانگی پر مسافر کی طبیعت سنبھلنے اور خطرے سے مکمل طور پر باہر ہونے کی اطمینان بخش اطلاعات موصول ہوئیں۔ اس حوالے سے مسافر کے گھر والوں کو لاہور میں مطلع کردیا گیا۔پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک اور ڈرایکٹر فلائیٹ آپریشنز کیپٹن عزیر خان نے کیپٹن خالد انور اور پرواز کے عملے کے لئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے