کراچی، دہلی، ڈھاکا، دمشق اور طرابلس رہائش کے لئے ’’بدترین‘‘ شہر قرار

تین عرب دارالحکومت بھی قیام کے لئے غیر معیاری شہروں کی فہرست میں شامل ہیں
دنیا بھر میں جہاں اعلیٰ معیار کے درجہ اول کے بنیادی سہولیات سے آراستہ دارالحکومت اور شہر موجود ہیں وہیں ایسے دارالحکومت بھی موجود ہیں جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور وہ رہائش کے لیے غیر معیاری سمجھے جاتے ہیں۔
آسٹریا کا شہر ویانا مسلسل دوسرے سال دنیا کا بہترین اور معیاری شہر قرار دیا گیا ہے جب کہ عرب دنیا میں شام کے دارالحکومت دمشق اور لیبیا کے طرابلس کو غیرمعیاری دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح پاکستان کا شہر کراچی، بھارت کا نئی دہلی، بنگلہ دیش کا ڈھاکا اور مصر کا دارالحکومت قاہرہ جرائم، بدامنی، لاقانونیت اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی زندہ تصویر قرار دیے گئے ہیں۔دی اکنامسٹ سیف سٹی انڈیکس کے زیراہتمام کی گئی درجہ بندی میں ویانا کو اس کی معیاری سہولیات کی بدولت دوسرے سال بھی بہترین شہر اور دارالحکومت قرار دیا گیا۔فہرست مرتب کرنے والے منتظمین کا کہنا ہے کہ ویانا میں بنیادی ڈھانچہ، صاف وشفاف ہوا، ثقافت اور کلچر، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات میں مثالی ہیں جو مستحکم رہائش کے لیے انتہائی موزوں ہے۔
بنیادی سہولیات کے اعتبار سے ویانا کو دوسرے سوال 100 پوائنٹ میں سے 99 اعشاریہ 1 پوائنٹس حاصل ہوئے۔ آسٹریلیا کا میلبورن 98 اعشاریہ 4 پوائنٹس کےساتھ دوسرے اور اسی ملک کا شہر سڈنی 98 اعشاریہ ایک پوائنٹ کےساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔اسی طرح آسٹریلیا اور کینیڈا کا شمار ان 10 ملکوں میں ہوتا ہے جن میں بہترین اور صاف ستھرے شہر پائے جاتے ہیں۔ ٹاپ 10 میں جاپان کا شہر ٹوکیو،اوساکا، کوپن ہیگن بھی شامل ہیں۔
پیرس گذشتہ برس کی نسبت 6 پوائنٹس پیچھے چلا گیا۔ اس بار فرانس میں زرد صدری تحریک کے باعث پیرس کا شمار 25 ویں بہترین دارالحکومت میں ہوتا ہے۔انڈیکس میں ہرسال 140 دارالحکومتوں کی 100 پوائنٹس کے ساتھ درجہ بندی کی جاتی ہے۔ اس میں ان شہروں کی معیشت، جرائم کی شرح، پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ، تعلیم، بنیادی صحت اور معاشی اور سیاسی استحکام کو جانچا جاتا ہے۔آلودگی کی وجہ سے بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی اور مصر کا قاہرہ غیرمعیاری دارالحکومتوں میں شامل کیے گئے۔لندن اور نیویارک کو جرائم میں اضافے کی وجہ سے خطرناک شہروں میں شامل کیا گیا۔ لندن کو فہرست میں 48 ویں اور نیویارک کو 58 ویں نمبر پر رکھا گیا۔آخری درجے کے شہروں میں دمشق، لاگاس، ڈھاکا، طرابلس اور کراچی کو شامل کیا گیا۔