ملک بھر میں یومِ عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت انتطامات

سخت ترین مصائب کا سامنا کر نے کے باوجود حق اور سچ کا پرچم تھامے کر اپنی اور اپنے رفقا کی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نواسہ رسول ﷺ و دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ عاشور (10 محرم الحرام) انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کررہے ہیں۔جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ جلوس کے اختتام پر مجالس برپا کی جائیں گی جس میں واقعہ کربلا اور اہلِ بیت کے فضائل و مراتب بیان کیے جائیں گے۔ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔عاشورہ کے سلسلے میں ملک بھر میں سیکیورٹی کو خصوصی طور پر ہائی الرٹ رکھا گیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالے۔

کوئٹہ میں ماتمی جلوس
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علمدار روڈ پر بھی انتہائی سخت سیکیورٹی میں یومِ عاشور کا جلوس نکالا گیا جس کے شرکا نے باچا خان چوک پر پہنچ کر نمازِ ظہرین ادا کی۔بعدا ازاں جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ اور دیگر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا علمدرار روڈ آباد پر اختتام پذیر ہوجائے گا۔یومِ عاشور کے موقع پر شہر میں امن وعامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ حساس علاقوں اور چیک پوسٹوں پر کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ایف سی اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔دوسری جانب کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات سے چھوٹے ماتمی جلوس نکالے گئے جو علمدار روڈ پر دیگر جلوسوں میں شامل ہوئے۔

سندھ کے ماتمی جلوسوں کی نگرانی
کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 محرم الحرام کے سلسلے میں جلوس نکالے گئے اور جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت اتنظامات کیے گئے تھے۔کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی کے ساتھ پریڈی اسٹریٹ لائن پہنچے اور جلوس کی قیادت بھی کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے کوشش کی ہے کہ شرکا کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں، اس کے علاوہ کچھ خطرات بھی تھے تاہم اس سلسلے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے’۔اس کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ نے ماتمی جلوسوں کے منتظمین اور انتظامیہ کی کاوشوں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سکھر روانہ ہوگئے جہاں وہ سکھر، روہڑی، خیرپور، کوٹ ڈیجی، شکار پور، جیکب آباد کے ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیں گے۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے بھی مرکزی جلوس کے مختلف روٹس کا دورہ کیا اور یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس پر پولیس کی تعیناتی اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مرکزی مجالس یا جلوس کی سیکیورٹی مانیٹرنگ وضع کردہ جدید سسٹم سے یقینی بنائی جارہی ہے اور سندھ پولیس کے تمام یونٹس محرم سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد میں مصروف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل میں اسنائپرز کو بھی اہم ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات
ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایاجارہا ہے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے قدیمی راستوں موچی گیٹ، موری گیٹ، مسجد وزیر خان، پانی والا تالاب سے ہوتا ہوا رنگ محل پہنچے گا جہاں نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔جس کے بعد مرکزی جلوس بھاٹی گیٹ پہنچے گا اور شام کو کربلا گامے شاہ جا کر اختتام پذیر ہوگا،جلوس میں نوحہ خوانی، ماتم داری اور زنجیر زنی کی جارہی ہے جبکہ نذر و نیاز کا بھی سلسلہ جاری ہے۔پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گیے ہیں 8 ہزار کے قریب پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 14 ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز، 87 انسپکٹرزتعینات ہیں۔جلوس کے روٹ میں آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں اور بیرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے،عزادار خواتین کے چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اہلکار اور خواتین رضا کار بھی تعینات کی گئیں ہیں۔جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں،جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی سکیورٹی چیکنگ کے بعد ہی جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔کسی غیر متعلقہ شخص کو ہرگز جلوس میں داخل نہ ہونے دیا جائے گا،پولیس افسران کی جانب سے کہاگیا کہ پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں عزاداروں کے مکمل منتشر ہونے تک کوئی جوان اپنا ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑے۔

پشاور میں یومِ عاشور
ملک کے دیگر علاقوں کی طرح پشاور کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے دیگروزراء کے ہمراہ محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم کا دورہ کیا اس دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیکیورٹی فورسز کے اقدامات پر مطمئن دکھائی دیے۔پشاور میں 10 محرم کے جلوسوں کی حفاظت کے لئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں، شہربھر میں 5 ہزار پولیس اور 2 ہزار ٹریفک اہلکاروں کوتعینات کیا گیا ہے جبکہ شہرمیں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔دوسری جانب لکی مروت میں بغیر شناختی کارڈ دکھائے نقل و حمل پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ اور پشاور میں موبائل فون نیٹ ورکس مکمل بند ہیں جبکہ دیگر شہروں میں موبائل سروس جلوسوں کے راستوں پر بند ہے۔

صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
یوم عاشور 10محرم الحرام 1441ہجری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہلِ بیت اطہار اور رفقائے کار کے ساتھ میدان کربلا میں یومِ عاشور کو شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمٹ بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ فسق و فجور کی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ ہم اُسوہ حسینؓ کی روشنی میں ہر وہ کام کریں گے جو اعلائے کلمة اللہ ، فروغ حق، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مفید ہواور دہشت گردی ، انتہا پسندی اور عدم برداشت کے سدباب کے لیے کسی بھی قسم کا اقدام کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے، تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت و بلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی شہادت اورواقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل، یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاءکے لیے اپنی یا اپنے پیاروں، شیر خوار بچوں، کڑیل جوان بیٹوں ، بھائیوں اور ساتھیوں کی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہیے اور اپنی جانوںکے علاوہ اپنا سب کچھ راہ خدا میں دین اسلام کی سر بلندی کے لئے نچھاور کردینا ہی عظمت اور کامیابی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جذبہ شبیری ؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے اور یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے