ملک محمد حنیف کے داماد ملک ماجد اعوان نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرلی

بارسلونا(دوست نیوز)سابق ایم این اے پاکستان مسلم لیگ ن ملک محمد حنیف کے داماد ملک ماجد نے پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کااعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ملک ماجد نے پاکستان مسلم لیگ ق حلقہ NA71 کے سرگرم رہنماسابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے اور مرکزی رہنما چوہدری موسیٰ الہٰی سے خصوصی ملاقات کی اس ملاقات میں مسلم لیگ ق سپین کے صدر چوہدری عبدالغفار مرہانہ اور میاں ذاکر عباس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک ماجد نے کہا کہ مسلم لیگ ق اس وقت پاکستان میں عوام کی بہترین خدمت سر انجام دے رہی ہے۔
ملک ماجد نے کہا کہ این اے 71 کو ایک مثالی حلقہ بنائیں گے۔ملک ماجد نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق اسپین چوہدری عبدالغفار مرہانہ، میاں ذاکر عباس اور دیگر رہنماوں کی قیادت میں اسپین میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور میری خواہش ہے کہ میں بھی اس قافلہ کا حصہ بنوں اور اپنے تارکین وطن بھائیوں کے کام آ سکوں۔ اور اس کے لئے اسپین میں مسلم لیگ ق سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میں اپنے حلقہ میں بھی مسلم لیگ ق کے لئے کام کر سکوں اور جلد وہاں پر اپنے ساتھیوں سے ملاقات کروں گا۔ مسلم لیگ ق اسپین کے صدر چوہدری عبدالغفار مرہانہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان سیاسی ذہن ہمارے ساتھ مل رہے ہیں جس سے کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ میاں ذاکر عباس کی مسلم لیگ ق کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جن کی دن رات کی محنت سے نوجونواں میں مسلم لیگ ق کے حوالہ سے شعور بیدار ہورہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری موسیٰ الہی نے ملک ماجد کی مسلم لیگ ق میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی ملک کا سرمایہ ہیں۔ اور ان میں سیاسی طور پر شعور کو اجاگر کرنا ہی اصل کام ہے۔ نوجوان آگے بڑھیں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے ملک ماجد کو مسلم لیگ ق اسپین میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ملک ماجد جیسے سیاسی آگاہی رکھنے والے نوجوان پاکستان کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔