نیا عالمی ریکارڈ: دنیا کے مہنگے ترین دفاعی فٹبالر اب ہیری میگوائر

فٹبال کی دنیا میں کسی دفاعی کھلاڑی کے لیے ایک کلب کی طرف سے دوسرے کلب کو ادا کی جانے والی رقم کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ برطانوی فٹبالر ہیری میگوائر کے لیے ادا کی گئی اس رقم کی مالیت 87.5 ملین یورو بنتی ہے۔ہیری میگوائر کا تعلق اب تک انگلش فٹبال کلب لیئسٹر سٹی سے تھا لیکن انگلینڈ ہی میں ریکارڈ حد تک فٹبال لیگ جیتنے والی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ نے اب ان کی خدمات خرید لی ہیں۔ اس کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ نے لیئسٹر سٹی کو 87.5 ملین یورو ادا کیے ہیں، جو فٹبال کی تاریخ میں کسی بھی دفاعی کھلاڑی کے ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کے لیے ادا کی گئی آج تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2018ء میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی ورجِل فان ڈائیک کی وجہ سے بنا تھا، جن کی خدمات حاصل کرنے کے لیے انگلش کلب ایف سی لیورپول نے انگلینڈ ہی کے ایک اور فٹبال کلب ایف سی ساؤتھیمپٹن کو 84.5 ملین یورو ادا کیے تھے۔فٹبال کے کسی جرمن دفاعی کھلاڑی کے تبادلے کے لیے آج تک کسی کلب نے جو زیادہ سے زیادہ رقم ادا کی ہے، وہ 41 ملین یورو بنتی ہے۔ یہ رقم ریو ڈی جنیرو میں ہوئے مقابلوں میں فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی جرمن قومی ٹیم کے ایک البانوی نژاد رکن اور معروف دفاعی کھلاڑی شکودران مصطفیٰ کے لیے 2016ء میں ایف سی آرسنل نے ایف سی ویلینسیا کو ادا کی تھی۔لیورپول کے لیے کھیلنے والے ڈچ دفاعی کھلاڑی ورجِل فان دائیک جن کے لیے 84.5 ملین یورو ادا کیے گئے تھےفٹبال کے کھیل میں کلبوں کی سطح پر دفاعی کھلاڑیوں کے تبادلے کے لیے زیادہ سے زیادہ رقوم کی ادائیگی کے آج تک جو 10 بڑے ریکارڈ بنے ہیں، ان میں سے چار واقعات میں یہ رقوم انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے لیے اور تین واقعات میں فرانسیسی کھلاڑیوں کے لیے ادا کی گئیں۔
ان دس مہنگے ترین دفاعی کھلاڑیوں کی فہرست میں برازیل کے ایک فٹبالر اور ہالینڈ کے کھلاڑیوں کے نام بھی آتے ہیں۔
ان دس دفاعی فٹبالروں کے لیے آج تک ادا کی جانے والی رقوم یہ ہیں: 1۔ ہیری میگوائر 87.5 ملین یورو، 2۔ ورجِل فان ڈائیک 84.5 ملین یورو، 3۔ لوکاس ہیرنانڈیس 80 ملین یورو، 4۔ ماتھائیس دے لیگٹ 75 ملین یورو، 5۔ ایمیریک لاپورٹ 65 ملین یورو، 6۔ بینجمن مینڈی 57.5 ملین یورو، 7۔ جان سٹونز 55.6 ملین یورو، 8۔ ایرن وان بساکا 55 ملین یورو، 9۔ کائل واکر 52.7 ملین یورو اور 10۔ ایڈر میلیٹاؤ 50 ملین یورو۔