رونالڈو بے پناہ شہرت و عزت سے پریشان

بے پناہ شہرت و عزت کسے پسند نہیں ہوتی مگر کبھی کبھی یہ شہرت وبال جان بن جاتی ہے، ایسا ہی کچھ آج کل پرتگال کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ بھی ہو رہا ہے جو اپنی بے پناہ مقبولیت و شہرت سے پریشان نظر آرہے ہیں۔اس بات کا اعترف عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے برطانوی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ بے پناہ مقبولیت اور شہرت سے تنگ آچکے ہیں، اس وجہ سے میں اپنے بچوں کے ساتھ سکون سے پارک بھی نہیں جاسکتا، شروع شروع میں اخبارات اور ٹی وی میں نمایاں جگہ ملنا انہیں بہت اچھا لگتا تھا، تاہم اب 15 سال بعد میں ان سب سے عاجز آچکا ہوں اور اب پرائیویسی چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ 10 سال میں میری پرائیویسی تباہ ہوچکی ہے، اگر میں اپنے چار بچوں کے ساتھ پارک چلا بھی جاؤں تو مداحوں کے رش کی وجہ سے میرے بچے گھبرا جاتے ہیں یہاں تک کہ میں بھی پریشان ہوجاتا ہوں اس لیے میں دوبارہ وہی پرانی آزادی چاہتا ہوں۔کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ان کے بہت سے قریبی دوست اور احباب ہیں لیکن صرف چار ایسے لوگ ہیں جن پر وہ 100 فیصد اعتبار کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا شمار دنیا میں کھیل کے ذریعے سب سے زیادہ دولت کمانے والوں میں دوسرے نمبر پر ہوتا ہے، اس دوڑ میں صرف ان کے پرانے حریف لائینل میسی ہی آگے ہیں۔معروف امریکی جریدے فوربس کی رواں سال کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی سالانہ آمدنی 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سالانہ ہے جو کہ پاکستانی روپے میں 16 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔