حضرت سخی سلطان احمد علی کا بارسلونا میں تربیتی نشست سے خطاب

بارسلونا(دوست نیوز)بین الاقوامی اسکالر،چیئرمین مسلم انسٹیٹوٹ،مرکزی صدر اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین،چیف ایڈیٹرمرۃ العارفین انٹرنیشنل حضرت سخی سلطان احمد علی نے مرید خاص محمد عقیل کی دعوت پر بارسلونا کا دورہ کیا۔ ذیشان کبابش ریسٹورنٹ پر دعوت وتبلیغ کے حوالہ سے ایک نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مریدین کے علاوہ قریبی حلقہ کے دوست احباب نے شرکت کی۔ تربیتی نشست کا آغاز قاری عبدالرحمن کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا جبکہ ہدیہ نعت رسول مقبول ؤ بھی پیش کی گئیں۔
حضرت سخی سلطان احمد علی نے زبان وکلام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ انسان اپنی زبان کے پیچھے چھپا ہوا ہوتا ہے یعنی اس کے کردار و حیثیت کااندازہ اس کے تکلم سے ہوتا ہے کہ کیا وہ تہذیب و اخلاق والا ہے یا بد اخلاق ہے۔ انہوں نے مولانا رومی کے اشعار کے ذریعے اس پیغام کو بھی سمجھانے کی کوشش کی۔ انہو ں نے کہا کہ انسان پانچ سے چھ فٹ کا ہوتا ہے لیکن اس کی پہچان صرف دو سے تین انچ کی زبان کے پیچھے چھپی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان وکلام کا خاص خیال رکھنا چاہیئے۔ حضرت سخی سلطان احمد علی نے نبی کریم ؤ کی ایک حدیث کا حوالہ بھی دیا ۔کہ نبی کریم ؤ نے فرمایا کہ مجھے دو چیزوں کی ضمانت دے دو میں تمہیں جنت کی ضمانت دیتا ہوں ایک دو جبڑوں کے درمیان زبان اور دوسری شرم گاہ ۔انہوں نے کہا کہ اگر انسان ان دوباتوں کی نگہداشت کر لےاور قیامت کے دن سرکار کے فرمان کا پاس رکھتے ہوئے ان دو چیزوں کی ضمانت پیش کرے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم آپ کی منشاآپ کی رضاآپ کے حکم کے مطابق میں یہ دو چیزیں محفوظ لایا ہوں میری شفاعت فرمائیں۔سرکار اپنا وعدہ پورا فرمائیں گے۔دنیاوی معاملات میں سب سے پہلے ہماری زبان آتی ہے ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ ہم اپنے اندر وہ صفت پیدا کریں جو بندے کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتی ہے۔