امیگرنٹس کونسل بارسلونا کے زیر اہتمام تارکین وطن کی مختلف ثقافتوں کا میلہ

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا ایک ملٹی کلچرل شہر ہونے کی وجہ سے یورپ بھر بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز ہے۔ اور یہاں پر آئے روز ملیوں اور مقامی ثقافتی دنوں کو شاندار انداز میں منایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز امیگرنٹس کونسل بارسلونا کے زیر اہتمام بارسلونا میں مقیم تارکین وطن کی مختلف ثقافتوں کے حوالہ سے میلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی وورکر یونین کے ساتھ ساتھ مراکش اور لاطین امریکہ کے ممالک کے ثقافتی،کھانوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے اسٹال لگائے گئے۔
اسٹالز پر ہر ملک کے باشندوں نے اپنے اپنے ملک کی ثقافت کی نمائندگی کرتےبہوئے اپنے ملک کی ان اشیائ کی نمائش کی جو ان کی ثقافت کا اہم جزو ہے اور دنیا میں معروف ہے۔ کھانے کے اسٹال کے علاوہ دستکاری ،ہاتھوں سے بنے ہوئے کھلونوں ،کتابوں اور ملکی ثقافت و ادب کے حوالہ سے تصاویر اور لٹریچر رکھا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے پاکستانی ورکر یونین کا اسٹال بھی لگایاگیا تھا اسٹال پر پاکستان اور تارکین وطن پاکستانیوں کی بہبود کا لٹریچر اور اردو کاتالان ڈکشنری اور پاکستان کی مختلف تصاویر کے ذریعے منظر کشی کی گئی تھی۔ پاکستان اسٹال پر مہمانوں کے تاثرات کی کتاب بھی رکھی گئی تھی۔
مختلف ممالک کے ثقافتی رنگوں میں میوزک کا رنگ سب سے گہرا دکھائی دیا، افریکی،اور لاطین امریکہ کے باشندوں نے اپنی موسیقی اور ڈانس پیش کر کے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔