بنگلہ دیش کا ٹیسٹ میچز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

.رواں ماہ شیڈول بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا ہے اور بنگلہ دیشی حکومت نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کو بنیاد بناتے ہوئے فی الحال ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم کو رواں ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور بنگلہ دیش اپنی ٹی20 میچز کے لیے تو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار تھا لیکن وہ ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار تھا۔بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی پیشکش کی لیکن پاکستان نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی میچز کھیلے گا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ہچکچاہٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے انہیں پہلے صرف دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے اور ٹی20 بعد میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی تاہم اس پر بھی بنگلہ دیش راضی نہ ہو سکا۔دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ آج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں متوقع تھا جس میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے سبب حکومت نے ہمیں طویل عرصے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی۔
کرک انفو کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیں دورہ پاکستان کی اجازت تو دے دی ہے لیکن امریکا ایران کشیدگی کے سبب ہمیں دورہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے سابقہ موقف پر برقرار رہتے ہوئے صرف ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔نظم الحسن نے کہا کہ ہم اپنے فیصلے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے گفتگو کریں گے، ہمارا موقف واضح ہے لیکن دیکھنا ہے کہ اب ان کا کیا ردعمل ہوتا ہے، جہاں تک سیکیورٹی کا تعلق ہے تو ٹی20 ایک بہتر آپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تو خوش ہونا چاہیے کہ ہم ٹی20 کھیلنے کے لیے تو پاکستان جا رہے ہیں اور ہم اس سے زیادہ انہیں کچھ نہیں دے سکتے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہم نے ٹیسٹ سیریز کے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا بلکہ ہم صرف شیڈول میں تبدیلی چاہتے ہیں۔حالیہ موقف کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان اب منسوخ ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی صرف ٹی20 سیریز کی میزبانی سے انکار کر چکا ہے