بارسلونا میں ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ،تقسیم انعامات کی تقریب

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا میں ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ گراسیا کرکٹ کلب نے فالکو کرکٹ کلب کو ہرا کر جیت لیا۔ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے بعد مقامی ریسٹورنٹ میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر تھے۔ چوہدری امانت حسین مہر جب ہال میں پہنچے تو پھولوں کے گلدستوں کے ساتھ انتظامیہ نے بھرپور استقبال کیا۔ تقریب میں کھلاڑیوں کے علاوہ معززین کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپین میں کرکٹ کی مقبولیت دن بدن بڑھ رہی ہے۔ جو ایک خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی خاص کلب کا نہیں ہوں ، میں کوشش رہی ہے اور ہے کہ میں اسپین میں پاکستان کی کھیلوں کرکٹ،والی بال ، کبڈی کے فروغ میں اہم کردار ادا کروں۔ میرے لئے تمام کلبز اور کھلاڑی برابر اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارا نوجوان مثبت سر گرمیوں کی جانب مائل ہے۔ اور اپنے کام سے وقت نکال کر کرکٹ کھیل رہا ہے۔
دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کوئی معنی نہیں رکھتی آپ کے اندر اسپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ ہونا چاہیئے جو کھیل کے بعد اور میدان کے باہر آپ کے لئے انتہائی اہم ہے اور عملی زندگی میں جیت کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہار کر دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیئے بلکہ ہار جیت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ سخت محنت اور تحمل آپ کو کسی بھی میدان میں کامیابی کی نوید سناتے ہیں۔ مقررین نے بارسلونا اسپین میں کاروباری طبقہ کو بھی باور کرایا کہ آپ لوگ آگے آئیں اور کھیلوں کی ترویج اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے عملی اقدام اٹھائیں۔ جس طرح چوہدری امانت حسین مہر نے یہاں پر کرکٹ گراونڈ کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اسی طرح دیگر معاملات میں بھی آگے آئیں اور اپنے نوجوانوں کو میدانوں کی جانب راغب کریں۔
تقریب میں کھلاڑیوں میں میڈل ٹرافیاں اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئی۔ جیتنے والی ٹیم کو چوہدری امانت حسین مہر نے تالیوں کی گونج میں نقد چار سویوروز اور ٹرافی دی ۔