غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا، اعجاز شاہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نائب معاون امریکی وزیرخارجہ ایلس ویلز سے ملاقات کی، جس میں سیکورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا ہے، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی تصدیق کا عمل مرتب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر، دسمبر، جنوری کے کیسز رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کر دی۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے، تنظیموں پرتحفظات ہوں، انہیں مؤقف دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، معیار پر پوری اترنے والی تنظیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے۔نائب معاون امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں، ایک پختہ نظام، طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں۔ ایلس ویلز نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بروقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے، پاکستان نے کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔