بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس منسوخ

بارسلونا(دوست نیوز)کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب بڑی ایگزیبیشن دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی 2020)منسوخ کر دی گئی۔موبائل ورلڈ کانگریس 2020کا انعقاد 24تا 27فروری اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونا تھا جس میں دنیا بھر سے اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شرکت کرنا تھی۔ایم ڈبلیو سی کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث تقریب منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔ایونٹ کی انتظامیہ جی ایس ایم اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ محفوظ، صحت مند اور میزبان ملک اسپین میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس 2020دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے خوف کے باعث منسوخ کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سفری اور دیگر حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ کانفرنس کرنا اب ناممکن ہے، میزبان ملک میں شرکت کرنے والی شخصیات اور کمپنیاں ہمارے اس فیصلے کو سمجھنے کے ساتھ اس کا احترام بھی کر رہی ہیں۔جی ایس ایم اے کے سربراہ نے چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ایم ڈبلیو سی 2021کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کو جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث متعدد کمپنیوں نے موبائل ورلڈ کانگریس 2020 میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔