یو اے ای میں کورونا سے بچاؤ کیلئے سخت اقدامات

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات شروع کردیئے ہیں۔وزارت خارجہ یو اے ای نے دبئی اور ابو ظبی ایئرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت پر پابندی لگادی۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مستقل رہائشی ویزا رکھنے والے بھی 15 روز تک امارات میں داخل نہیں ہوسکتے جبکہ دبئی اور ابوظبی ایئرپورٹس پر آج دوپہر سے پابندی کا اطلاق ہوگیا۔ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین اپنے اپنے ملکوں میں موجود اماراتی سفارتی مشنز سے رابطہ کریں۔واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جدید ترین امریکا اور یورپ بھی کورونا سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔
اٹلی، اسپین، فرانس اور برطانیہ میں ایک ہی روز میں 700 اموات ہوئی ہیں جبکہ امریکا میں ایک ہی روز میں 41 اموات کے بعد مجموعی تعداد 150 ہوگئی۔امریکا میں 9000 سے زائد افراد بیمار ہیں جن میں امریکی رکن کانگریس ماریو ڈائز بالارٹ بھی شامل ہیں۔ جبکہ بیماروں سے ملاقات کرنے کے سبب ایک درجن سے زائد امریکی اراکین کانگریس قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
متاثرہ شہریوں کی امداد کے لیے امریکی سینیٹ نے غیر معمولی بجٹ منظور کرلیا ہے جبکہ امریکا کینیڈا سرحد غیر ضروری سفر کے لیے بند کردی گئی ہے۔برطانیہ میں حفاظت کے لیے 20 ہزار فوجیوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا، لندن لاک ڈاؤن کرنے کا امکان ہے، اسکول آج سے بند ہیں۔ این ایچ ایس، پولیس اور اہم ورکرز کے علاوہ سب گھروں سے کام کریں گے جبکہ مساجد کے حکام نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ نماز جمعہ گھروں میں پڑھیں