شہریوں کو غذا اور ادویات فراہم کریں گے، شاہ سلمان

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کیخلاف تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت تمام شہریوں کو غذا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کرے گی۔شاہ سلمان کا ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ ﷲ تعالیٰ کی مدد پر انحصار ہے، وزارت صحت کی سربراہی میں تمام حکومتی محکمے شہریوں کی صحت یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کر رہے ہیں، شہریوں کو غذا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق بھی کام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا مشکل وقت سے گزر رہی ہے جبکہ آنے والا وقت موجودہ وقت سے زیادہ مشکل ہوگا، ہم ﷲ پر یقین کر کے اس وقت سے گزر جائیں گے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت عوام کی ضروریات پوری کرے گی۔ انہوں نےتمام حکومتی محکموں سے اظہار تشکر بھی کیا ساتھ ہی عوام کے عزم اور تعاون کی تعریف بھی کی۔انہوں نے دعا کی کہ ﷲ تعالیٰ ہمیں مشکلات سے محفوظ رکھے۔