پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز کی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف فری ٹیکسی سروس،مقامی لوگ اور میڈیا کا خراج تحسین

بارسلونا(دوست نیوز)بیماری اور خدمت رنگ نسل ،مذہب کی حدبندیوں سے آزاد ہے،اسپین لاک ڈاون سے گزر رہا ہے، تمام انسانوں کو کرونا وائرس سے بچاو کے لئے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تو ایسی صورتحال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، معمول کے اوقات کار سے زیادہ وقت خدمت کررہا ہے اور یہ خدمت رنگ نسل، مذہب اور قومیت سے بالا تر ہو کر کی جا رہی ہے۔
جب ہر طرف ہر چیز رک گئی ہے تو پاکستانی جذبہ خدمت انسانی کے تحت اپنے وطن اسپین کی خدمت میں آگے نکلے اور ٹیکسی کی فری سروس دینے کا اعلان کیا۔ کہ ہم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہسپتال سے گھر اور گھر سے ہسپتال پہنچانے میں مدد دیں گے۔
ٹیکسی ڈرائیور شہباز کھٹانہ ،چوہدری عاصم گوندل، جو پاکستانی نژادہسپانوی شہری ہیں نے یہ قدم اٹھایا تو دیگر ٹیکسی درائیورز نے بھی ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔اب یہ فری ٹیکسی کی سروس دینے والوں میں دیگر قومیتیوں کے لوگ بھی شامل ہو رہے ہیں۔
اس فری سروس سے ناصرف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف خوش ہے اور وطن عزیز پاکستان کا نام فخر اور خوشی سے لیتا ہے وہاں اسپین کا مقامی میڈیا بھی پاکستان اور پاکستانیوں کی اس خدمت پر آرٹیکلز اور خبریں شائع کررہا ہے اور عوام کو بتا رہا ہے کہ اس مشکل اور خطرے سے بھرے وقت میں پاکستانی کس طرح خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اسپین میں 15 دن کے لئے تیسرے درجے کی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے ،جس میں عوام سے کہا گیا ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نکلیں،ایسی صورت حال میں سڑکیں خالی اور ٹیکسی سروس بھی بہت کم ہو گئی ہے۔ ایمرجنسی کی اس صورت حال میں بارسلونا میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز نے خدمت خلق کے طور پر اپنے فون نمبرز دئیے ہیں، اور اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹرز،نرسیں ہم سے سہولت لے سکتے ہیں ۔درج ذیل فون نمبرز پر کال کریں ،ٹیکسی آپ کو گھر سے ہسپتال اور ہسپتال سے گھر فری منتقل کر دے گی۔
اسپین خاص طور پر بارسلونا مین مقیم پاکستانی اور خاص طور پر ٹیکسی سیکٹر کے شعبہ نے ہمیشہ خدمت میں پہل کی ہے اور عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کا نام بھی روشن کیا ہے ۔

اس کی کئی ایک مثالیں گذشتہ سالوں میں سامنے آئی ہیں ، جن میں 17 اگست 2017 کا بارسلونا میں دہشت گردی کا واقعہ جس میں پاکستانی ٹیکسی سیکٹر کے جوانوں نے بروقت اپنی فری سروس مہیا کی اور جائے وقوعہ اور دیگر آس پاس کی جگہوں سے زخمیوں اور ہراساں افراد کو ہسپتال پہنچایاجس کی اسپین کی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے بھی تحسین کی تھی۔ پاکستانی ٹیکسی سیکٹر میں ایک مضبوط گروپ ہے ۔

اور ان کے آپسی اتحاد نے وطن عزیز کی مشکلات میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔