وزیر خارجہ کی اٹلی کے سفارتخانے آمد، کرونا سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد: (دوست نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سفیر اٹلی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے اقوام عالم کو متفقہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اٹلی کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندریاس فراریزے نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ نے کرونا وائرس کے باعث اٹلی میں ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا عالمی وبا نے بہت تیزی کے ساتھ دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ یہ وہ چیلنج ہے جس کا سامنا ہم سب کو درپیش ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے اقوام عالم کو متفقہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ اس عالمی آفت سے نمٹنے کیلئے پاکستان، اپنے محدود وسائل کے باوجود ہر ممکن اقدام اٹھا رہا ہے۔اطالوی سفیر نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی سفارت خانے آمد اور اس مشکل گھڑی میں اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا