راشد لطیف کا آن لائن بیٹنگ پرپی سی بی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

کراچی:سابق قومی کپتان راشد لطیف نے پی ایس ایل فائیو میں آن لائن شرطیں لگانے کی اجازت دینے پر پی سی بی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق راشد لطیف نے پی سی بی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ اور بعض دوسرے ممالک کے برعکس پاکستان میں یہ سرگرمی قانونی ہرگز نہیں ہے۔واضح رہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل فائیو کیلئے ایک کمپنی سے تجارتی معاہدہ کیا تھا جس نے بعد میں ایک غیر ملکی ادارے سے پی ایس ایل کیلئے ڈیل کرلی جو میچوں پر قانونی شرطیں لگانے کا کام کرتا ہے۔
پی سی بی حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق بھی کی جا چکی ہے کہ ان کا ایک تجارتی پارٹنر کسی غیر ملکی ادارے سے معاہدہ کر چکا ہے لیکن یہ شرطیں ان ممالک تک محدود رہیں گی جہاں یہ کاروبار قانون کے مطابق ہے۔راشد لطیف کا کہنا ہے کہ دوسرے ممالک میں فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں میں شرطیں لگانا عام سی بات ہے مگر پاکستان میں اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ چونکہ پی سی بی کا اس میں ملوث ہونا غیر قانونی ہے لہٰذا اس کیخلاف مناسب ایکشن لیا جائے۔سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ اس وقت سارا ملک کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں مصروف ہے لیکن مستقبل میں ایسا کچھ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ کھیل کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔