مہوش حیات،ندیم بیگ کی سالگرہ کاکیک کٹنےکی منتظر

اداکارہ مہوش حیات نےاپنی ہٹ فلم ’’ پنجاب نہیں جاؤں گی ‘‘ کے ڈائریکٹر ندیم بیگ کو خوبصورت اندازمیں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔

انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنی 45ویں سالگرہ منانے والے ندیم بیگ کے ساتھ تصویر شیئرکرتے ہوئے انہیں وِش کیا۔

اداکارہ نے ڈائریکٹر کو پاکستان کے معروف ترین ہدایتکاروں میں سے اور اپناقریبی دوست کہتے ہوئے لکھا ’’آپ نے سنجیدگی سے پاکستانی سنیما کو زندہ کیا اور میری رائے میں ہمارے دیکھنے والوں کوآپ سے بہتر کوئی بھی نہیں سمجھ سکتا۔ من جلی ہو، دل لگی، جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاؤں گی اور اب لندن نہیں جاؤں گا، آپ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ سے ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے ‘‘۔

مہوش حیات نے اس 10 سالہ سفرمیں ڈائریکٹر کے تجربے سے بہت کچھ سیکھنے کو اپنی خوش قسمتی قراردیا۔

کرونا وائرس کے باعث ندیم بیگ موجودہ صورتحال میں سالگرہ نہیں منا سکے لیکن مہوش حیات منتظرہیں کہ حالات نارمل ہونے کے بعد سیٹ پرواپس آتے ہی کیک کاٹا جائے گا