بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: (دوست نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں قائم “ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل” کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں عالمی وبا کے چیلنج کے پیش نظر، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے مختلف پہلوؤں پر غوروخوض کیا گیا۔
اجلاس میں دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ،کرایسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی پاکستانی کمیونٹی کی شکایات اور مشکلات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سعودی عرب اور ایران میں موجود زائرین کی مرحلہ وار جلد واپسی کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستانی سفارت خانے، آگے بڑھ کر جذبہ حب الوطنی کے تحت اس مشکل وقت میں پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کر رہے ہیں۔انہوں تمام پاکستانی سفارتخانوں کو، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں